ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سی بی ایس ای نے 10ویں اور 12ویں بورڈ امتحانات کی تاریخوں کا کیا اعلان، 15 فروری سے شروع ہوں گے امتحانات

سی بی ایس ای نے 10ویں اور 12ویں بورڈ امتحانات کی تاریخوں کا کیا اعلان، 15 فروری سے شروع ہوں گے امتحانات

Thu, 21 Nov 2024 12:18:29  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 21/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)سی بی ایس ای نے اپنے آفیشل ویب سائٹ cbse.gov.in پر 2025 کے 10ویں اور 12ویں جماعت کے بورڈ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا  ہے جس  کے مطابق، امتحانات 15 فروری 2025 سے شروع ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق دسویں کا امتحان 15 فروری سے شروع ہوگا اور پہلا پرچہ انگریزی کا ہوگا۔ ساتھ ہی، 12ویں جماعت کے لیے انٹرپرینیورشپ کا امتحان  بھی 15 فروری کو ہوگا، جبکہ فزیکل ایجوکیشن کا امتحان 17 فروری کو ہوگا۔دسویں جماعت کے امتحانات 18 مارچ تک جاری رہیں گے، جبکہ بارہویں جماعت کے امتحانات 4 اپریل تک مکمل ہوں گے۔

سی بی ایس ای نے سبجیکٹ کے لیے مخصوص رہنما خطوط جاری کیے ہیں، جس میں اہم معلومات جیسے سبجیکٹ کوڈ، کلاس کی تفصیلات، تھیوری اور پریکٹیکل کے زیادہ سے زیادہ نمبر، پروجیکٹ ورک، اندرونی تشخیص اور جوابی شیٹ کی شکل دی گئی ہے۔ امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اسکولوں کو ان ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

طلباء سی بی ایس ای کی تعلیمی ویب سائٹ cbseacademic.nic.in پر 10ویں اور 12ویں جماعت کے نمونے کے سوالیہ پرچے چیک کر سکتے ہیں۔ یہ طلباء کو جدید ترین سوالیہ فارمیٹس، مارکنگ اور امتحانی نمونوں سے متعارف کرانے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں، تاکہ وہ اپنے بورڈ کے امتحانات کے لیے مؤثر طریقے سے تیاری کر سکیں۔

سی بی ایس ای امتیازات نہ دینے یا ٹاپرز کا اعلان نہ کرنے کی اپنی پالیسی جاری رکھے گا۔ 2024 کی طرح، 2025 کے 10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء کو مجموعی طور پر ڈویژن، امتیاز یا مجموعی نمبروں کا فیصد نہیں ملے گا۔


Share: